نئی دہلی: برسبین ٹسٹ سے پہلے ہندوستانی ٹیم پر مصیبت کا پہاڑ ٹوٹ پڑا ہے۔ چوٹوں سے پریشان ہندوستانی کرکٹ ٹیم اس بات سے پریشان ہے کہ بارڈر - گواسکر ٹرافی کے آخری اور فائنل میچ میں پلیئنگ الیون میں کس کھلاڑی کو شامل کیا جائے۔ آسٹریلیائی دورے پر ٹسٹ سیریز کے دوران اب تک 9 کھلاڑی زخمی ہوچکے ہیں۔ اس میں محمد شمی، امیش یادو، رویندر جڈیجہ، ہنوما وہاری اور جسپریت بمراہ سیریز سے باہر ہوچکے ہیں۔ تصویر: اے پی
آسٹریلیائی دورے پر ہندوستانی تیز گیند بازی کی قیادت کر رہے جسپریت بمراہ پیٹ میں کھنچاو کے سبب آسٹریلیا کے خلاف چوتھے ٹسٹ سے باہر ہوگئے ہیں۔ جسپریت بمراہ کو یہ کھنچاو سڈنی میں ڈرا ہوئے تیسرے ٹسٹ کے دوران آیا۔ ہندوستانی ٹیم منیجمنٹ انگلینڈ کے خلاف چار ٹسٹ میچوں کی آئندہ گھریلو سیریز کو دیکھتے ہوئے ان کی چوٹ کے بڑھنے کا خطرہ نہیں لینا چاہتا۔
اس کے علاوہ روی چندرن اشون، کے ایل راہل، مینک اگروال اور رشبھ پنت بھی چوٹ کا سامنا کر رہے ہیں۔ آخری ٹسٹ سے پہلے ان اہم کھلاڑیوں کے زخمی ہونے سے ٹیم انڈیا کی حالت مزید خراب ہوگئی ہے۔ سڈنی ٹسٹ کے آخری دن ساڑھے تین گھنٹے بلے بازی کے بعد روی چندرن اشون کی پیٹھ کی جکڑن کی پریشانی بڑھ گئی، جس سے ہندوستان کے پاس زیادہ متبادل نہیں بچے ہیں۔
اس کے علاوہ برسبین میں آخری الیون میں ہنوما وہاری کے متبادل مانے جا رہے مینک اگروال کو بھی نیٹ پر بلے بازی کرتے ہوئے ہاتھ میں چوٹ لگی اور انہیں ہیئر لائن فریکچر ہوسکتا ہے۔ وہیں سڈنی ٹسٹ سے پہلے کے ایل راہل بھی کلائی میں چوٹ کھا بیٹھے۔ پریکٹس کے دوران انہیں گیند لگ گئی تھی۔ اب ایسے میں ردھمان ساہا کو پلیئنگ الیون میں شامل ہونا طے ہے۔ تصویر: اے پی