ان وجوہات سے آسٹریلیا کے آگے ٹیم انڈیا نے گھٹنے ٹیکے، ملی زبردست شکست
ممبئی ونڈے (Mumbai ODI) میں آسٹریلیا (Australia) نے ہندوستانی ٹیم (Indian Team) کو یکطرفہ انداز میں روند دیا۔ 15 سال میں پہلی بار آسٹریلیا نے ہندوستان کو ونڈے میں 10 وکٹ سے شکست دی ہے۔

آسٹریلیا نے ہندوستان کو ممبئی ونڈے میں یکطرفہ انداز میں 10 وکٹ سے شکست دے دی۔ ٹیم انڈیا نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے پورے اوور بھی نہیں کھیل پائی۔ وراٹ اینڈ کمپنی 49 اوور میں 255 رن پر سمٹ گئی۔ اس ہدف کو آسٹریلیا نے سلامی بلے بازڈیوڈ وارنر اورایرون فنچ کی سنچری کی بدولت آسانی سے حاصل کرلیا۔ ان دونوں نے ہندوستانی گیند بازی کو کھلونا ثابت کردیا اورمرضی کےمطابق رن بنائے۔ ان دونوں کی وجہ سے آسٹریلیا نے ہدف کو بغیر وکٹ گنوائے 37.4 اوورمیں حاصل کرلیا۔ 15 سال میں پہلی بار آسٹریلیا نے ہندوستان کو ونڈے میں 10 وکٹ سے شکست دی ہے۔

ہندوستان کی شکست ٹاس کے وقت ہی طے ہوگئی تھی۔ ہندوستان میں ہدف کا تعاقب کرنا ہمیشہ سے آسان رہا ہے کیونکہ شام کے وقت شبنم پڑنے لگی ہے، جس سے گیند بازی کرنا مشکل ہوتا ہے۔ ایسے میں جب ٹاس کا سکہ ایرون فنچ کے حق میں گیا تھا تو انہوں نے بے جھجھک پہلے گیند بازی کرنے کا فیصلہ کیا۔ ممبئی کے پرانے ریکارڈ کو دیکھتے ہوئے ہندوستان کو جیت کے لئے بڑا ہدف چاہئے تھا۔ وانکھیڑے اسٹیڈیم کی پچ بلے بازوں کےلئے مددگار رہتی ہے اور اس میں کافی اچھا بھی ہوتا ہے، لیکن ٹیم انڈیا کے بلے باز بڑا اسکور کھڑا نہیں کرپا ئے۔

ٹاس ہارنے کے بعد ہندوستان کو بڑا اسکور بنانا چاہئے تھا، لیکن اس کی شروعات خراب رہی اور طوفانی بلے باز روہت شرما سستے میں آؤٹ ہوگئے۔ شکھر دھون اور کے ایل راہل نے دوسرے وکٹ کےلئے سنچری شراکت کی۔ ایک وقت ہندوستان کا اسکور ایک وکٹ پر 134 رن تھا اور بڑے اسکور کا امکان نظر آرہا تھا، لیکن کے ایل راہل کے آؤٹ ہونے کے بعد باقی بلے بازوں نے مایوس کیا اور ٹیم انڈیا 255 رن پر سمٹ گئی۔ یہ اسکور اوسط اسکور سے بھی کم تھا۔

ہندوستان کو کمزوراور تجربہ کار مڈل آرڈر کا خمیازہ بھگتنا پڑا۔ شرے یس ایئر (4)، رشبھ پنت (28) جیسے نوجوان ایک بار پھر سے امیدوں پر کھرے نہیں اتر پائے۔ دونوں سستے میں آؤٹ ہوگئے اور بڑے اسکور کا پلیٹ فارم ملنے کے بعد بھی ناکام رہے۔ ممبئی ونڈے میں کپتان وراٹ کوہلی نمبر 4 پربلےبازی کے لئے آئے، لیکن وہ بھی زیادہ دیرتک نہیں ٹک پائے۔ اس وجہ سے راہل اور دھون کی محنت ضائع ہوگئی۔ نچلے آرڈر میں بھی ہندوستان کے پاس ایسا کوئی بلے باز نہیں تھا، جو بڑی اننگ کھیل پاتا۔ رویندر جڈیجہ (25) اور شاردل ٹھاکر (13) نے کوشش کی، لیکن وہ بھی ناکام رہے۔

ہندوستان نے آسٹریلیا کے خلاف ممبئی ونڈے کے لئے کیدار جادھو کو پلیئنگ الیون سے باہر کردیا۔ جادھو گزشتہ کچھ سالوں سے ٹیم میں فنیشر کےکردار میں تھے، لیکن ممبئی ونڈے میں کے ایل راہل اور شکھر دھون دونوں کو جگہ دینے کےلئےکیدار جادھو کو باہر بٹھایا گیا۔ یہ داؤں کامیاب نہیں رہا، کیونکہ ان کے جانے سے ٹیم انڈیا کے پاس مڈل آرڈر میں تجربہ کار بلے باز کی کمی ہوگئی۔ کیدار جادھو کی ونڈے میں 50 کے قریب اوسط ہے اور 100 سے اوپر کا اسٹرائیک ریٹ ہے۔