
انڈین پریمیئر لیگ میں دہلی کیپٹلس کے اہم کھلاڑی رشبھ پنت (Rishabh Pant) کو لمبے لمبے چھکے لگانے کے لئے جانا جاتا ہے۔ بائیں ہاتھ کا یہ کھلاڑی پل بھر میں ہی مخالف ٹیم کے ہاتھوں سے میچ نکال کر لے جاتا ہے۔ آئی پی ایل 2020 میں رشبھ پنت کی ایسی اننگ آنی ابھی باقی ہے، لیکن کولکاتا نائٹ رائیڈرس کے خلاف رشبھ پنت نے ہفتہ کو ایک بڑا ریکارڈ اپنے نام کیا۔

رشبھ پنت (Rishabh Pant) نے آئی پی ایل میں اپنے 100 چھکے پورے کرلئے۔ کولکاتا نائٹ رائیڈرس کے خلاف پانچویں اوور میں رشبھ پنت نے مشہور کرشنا کی گیند پر اسکوپ شاٹ کھیلا اور گیند سیدھے 6 رنوں کے لئے گئی۔ اس چھکے کے ساتھ ہی رشبھ پنت نے آئی پی ایل میں چھکوں کی سنچری پوری کرلی۔

آپ کو بتادیں کہ رشبھ پنت آئی پی ایل میں سب سے تیزی سے 100 چھکے لگانے والے ہندوستانی کھلاڑی بن گئے ہیں۔ رشبھ پنت نے 100 چھکوں کے لئے 1224 گیندیں کھیلیں، اس سے پہلے یہ ریکارڈ یوسف پٹھان کے نام تھا، جنہوں نے 1308 گیندوں میں اپنے 100 چھکے پورے کئے تھے۔

واضح رہے کہ رشبھ پنت دہلی کیپٹلس کے لئے 100 چھکے لگانے والے پہلے کھلاڑی ہیں۔ دہلی کیپٹلس کے لئے ویریندر سہواگ نے 85 چھکے لگائے تھے۔