مینک اگروال کی شانداراننگ، پانچ اننگ میں دوسری بار ڈبل سنچری
اندورٹسٹ میں مینک اگروال نے ڈبل سنچری لگا کرکمال کر دیا۔ ساتھ ہی روہت شرما اورویریندرسہواگ کی برابری بھی کرلی۔

نوجوان بلے باز مینک اگروال نے اندورٹسٹ میں بنگلہ دیش کے خلاف ڈبل سنچری لگا دی ہے۔ انہوں نے 303 گیندوں میں 25 چوکوں اور5 چھکوں کی مدد سے ٹسٹ کرکٹ میں اپنی دوسری ڈبل سنچری مکمل کرلی۔ مینک اگروال نے اسپنرمہدی حسن معراج کی گیند پرچھکا لگا کرڈبل سنچری مکمل کی۔ گزشتہ ماہ ہی جنوبی افریقہ کے خلاف مینک اگروال نے ڈبل سنچری لگائی تھی۔ وشاکھا پٹنم میں کھیلے گئے ٹسٹ میں انہوں نے 215 رنوں کی اننگ کھیلی تھی۔ ان کے نام ٹسٹ میں تین سنچری اورتین نصف سنچری درج ہیں۔ گزشتہ پانچ اننگ میں وہ تین سنچری لگا چکے ہیں۔ مینک اگروال نے گزشتہ سال آسٹریلیا دورے پر میلبورن میں ٹسٹ کیریئرکا آغاز کیا تھا۔

مینک اگروال نے اپنے کیریئر میں دوسری بارچھکا لگا کر ڈبل سنچری مکمل کی ہے۔ وہیں بین الاقوامی کرکٹ میں مینک اگروال سے پہلے روہت شرما نے چھکا لگا کرڈبل سنچری مکمل کی تھی۔ مینک نے سلامی بلے بازکے طورپرایک سال میں دو ڈبل سنچری لگانے میں ویریندرسہواگ کی برابری کرلی ہے۔ سہواگ نے 2008 میں یہ کمال کیا تھا۔ بنگلہ دیش کے خلاف ڈبل سنچری لگانے والے مینک اگروال تیسرے ہندوستانی ہیں۔ ان سے پہلے سچن تندولکرنے 2004 اوروراٹ کوہلی نے 2017 میں اسی ٹیم کے خلاف ڈبل سنچری لگائی تھی۔

وہیں اسی سال گھریلو ٹسٹ میں ہندوستان کے بلے بازوں نے سبھی چاروں ٹسٹ میں ڈبل سنچری لگائی ہیں۔ ٹسٹ کرکٹ کی تاریخ میں پہلی بارایسا ہوا ہے جب کسی ٹیم کی طرف سے مسلسل 4 ٹسٹ میچوں میں ڈبل سنچری لگائی گئی ہیں۔ جنوبی افریقہ کے خلاف پہلے ٹسٹ میں مینک اگروال، دوسرے میں وراٹ کوہلی اورتیسرے میں مینک اگروال نے 200 رن کا اعدادو شمار پارکیا تھا۔ اب بنگلہ دیش کے خلاف مینک نے پھر سے یہ میل کا پتھرپارکیا۔

ہندوستان اوربنگلہ دیش کے درمیان ٹسٹ سیریز آئی سی سی ورلڈ ٹسٹ چمپئن شپ کا حصہ ہے۔ اس چمپئن شپ میں ہندوستان کی طرف سے 4 ڈبل سنچری لگا چکے ہیں اوراکیلے مینک مینک اگروال کے نام 2 ڈبل سنچری ہیں۔ باقی ٹیموں میں صرف اسٹیو اسمتھ کے نام ہی ڈبل سنچری ہے۔

مینک اگروال نے گھریلو کرکٹ میں رنوں کا انبارلگانے کے بعد ہندوستانی کرکٹ ٹیم میں جگہ بنائی تھی۔ جب سے انہیں انڈین کرکٹ ٹیم میں موقع ملا ہے تب سے وہ اپنے انتخاب (سلیکشن) کو صحیح ثابت کررہے ہیں اور انٹر نیشنل کرکٹ میں بھی رن برسا رہے ہیں۔