بابر اعظم سے پیچھے چھوٹے اسٹیو اسمتھ اورمارنس لابوشین، دنیا کر رہی ہےسلام
بنگلہ دیش (Bangladesh) کےخلاف راولپنڈی ٹسٹ کےدوسرے دن بابر اعظم (Babar Azam) نے ناٹ آؤٹ 143رن بنائے۔

بنگلہ دیش کے خلاف پہلے ٹسٹ میں پاکستان کی حالت بہت مضبوط ہوگئی ہے۔ کھیل کے دوسرے دن پاکستان نے پہلی اننگ میں 3 وکٹ پر 341 رن بنائے۔ دوسرے دن پاکستان کے دو بلے بازوں نے سنچری لگائی۔ سلامی بلے باز شان مسعود نے 100 رنوں کی اننگ کھیلی۔ وہیں بابر اعظم نے ناٹ آؤٹ 143 رن بنائے۔

بابراعظم نے اپنی بہترین سنچری اننگ سے ایک بار پھر ثابت کردیا کہ وہ کرکٹ کے تینوں فارمیٹ میں شاندار کارکردگی پیش کرنے کی طاقت رکھتے ہیں۔ خاص طورپرٹسٹ میں تو ان کا بلہ رنوں کا انبار لگا رہا ہے۔ گزشتہ 10 ٹسٹ میچوں کی بات کریں تو بابر اعظم نے کل 5 سنچری لگادی ہیں۔ ان کے بلے سے 1000 سے زیادہ رن نکل چکے ہیں۔ غضب کی بات یہ ہے کہ دنیا میں ان کا اوسط سب سے زیادہ 76.9 ہوگیا ہے۔مارنس لابوشین کا اوسط 74 کا ہے اور اسٹیو اسمتھ نے 65 کی اوسط سے 1040 رن بنائے ہیں۔

بابر اعظم نے گزشتہ 7 ٹسٹ اننگوں میں کل 4 سنچری لگائی ہیں۔ اس میں سے ایک میں تو وہ محض تین رنوں سے سنچری سے محرور رہ گئے تھے۔ آسٹریلیا کے خلاف ایڈیلیڈ ٹسٹ کی پہلی اننگ میں بابر اعظم 97 رنوں پرآؤٹ ہوگئے تھے۔ گزشتہ 7 اننگ میں بابراعظم نے 143.25 کی اوسط سے 573 رن بنا لئے ہیں۔ واضح رہے کہ پہلے 11 ٹسٹ میچوں میں بابر اعظم کا اوسط محض 23.75 تھا، لیکن اس کے بعد اگلے 15 ٹسٹ میں ان کا اوسط 68.75 تک چلا گیا، جس میں سے 6 ٹسٹ انہوں نے آسٹریلیا، انگلینڈ اور جنوبی افریقہ میں کھیلے ہیں۔

پاکستان میں تو بابر اعظم کا ریکارڈ شاندار ہے۔ بابر اعظم نے پاکستان میں کھیلی 4 ٹسٹ اننگوں میں تین سنچری اور ایک نصف سنچری کی مدد سے 405 رن بنائے ہیں۔ وہ صرف ایک بار آؤٹ ہوئے ہیں، اسی لئےان کا اوسط بھی 405 ہے۔

بابر اعظم نے پاکستان کی سرزمین پر تینوں فارمیٹ میں کمال کی کارکردگی کی ہے۔ وہاں کھیلی 19 بین الاقوامی اننگ میں بابر اعظم کے بلے سے 1092 رن نکلے ہیں، جس میں 4 سنچری اور 6 نصف سنچری شامل ہیں۔ بابر اعظم کا پاکستان میں 84 کا اوسط ہے۔