بتا دیں کہ سونالی پھوگاٹ کے بھتیجے منیندر پھوگاٹ نے دعویٰ کیا تھا کہ فلیٹ پر قبضہ کرنے کی نیت سے ان کی چاچی کا قتل کیا گیا تھا۔ منیندر پھوگاٹ نے کہا کہ ہم یہ دعویٰ نہیں کر رہے ہیں، ہمیں پورا یقین ہے کہ سونالی پھوگاٹ کو قتل کیا گیا ہے اور جن 2 لوگوں کو گرفتار کیا گیا ہے ان کے علاوہ اور بھی بہت سے لوگ ہیں جو اس سازش سے جڑے ہیں۔
منیندر نے کہا تھا کہ اس کی چاچی کے نام پر فلیٹ، جائیداد تھی اور یہ قتل اس پر قبضہ کرنے کی نیت سے کیا گیا۔ اطلاع ملتے ہی ہم گوا گئے اور ان تمام حالات کو دیکھا۔ گوا پولیس نے ہمیں کارپوریٹ کیا۔ لیکن جو حالات سامنے آرہے ہیں ان سے ہم اسے قتل کا معاملہ سمجھ رہے ہیں۔ دوسری جانب سونالی پھوگاٹ کے بھائی رنکو ڈھاکہ نے کہا کہ گوا پولیس کی اب تک کی تحقیقات سے مطمئن ہوں۔ خاندان سی بی آئی انکوائری کی مانگ پر غور کرے گا۔
بی جے پی لیڈر اور ٹک ٹاک اسٹار سونالی پھوگاٹ کی پوسٹ مارٹم رپورٹ سامنے آگئی ہے ۔ سونالی کے جسم پر نکیلی چیز سے چوٹ کے کئی نشان ملنے کے ساتھ ہی مکے مارنے جیسے نشان بھی ملے ہیں ۔ سونالی کے جسم پر پنچ کے نشان صاف دکھائی دئے ہیں ۔ ذرائع کے مطابق پوسٹ مارٹم رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سونالی کے جسم پر چوٹ کے کئی نشان ہیں ۔ کچھ ایسے ہیں جیسے کسی نکیلی چیز سے حملہ کیا گیا ہو اور کچھ ایسے ہیں جیسے انہیں مکے مارے گئے ہوں ۔ اب یہ اندازہ لگایا جارہا ہے کہ موت سے پہلے سونالی کو اذیت بھی پہنچائی گئی ہوگی ۔
ذرائع کے حوالے سے یہ بات بتائی جارہی ہے کہ پوسٹ مارٹم کی ابتدائی رپورٹ میں سونالی کے جسم پر زخم کے ساتھ ہی پنچ کے نشان صاف طور پر پائے گئے ہیں ۔ کیمیکل اینالیسس کیلئے وسرہ کو ریزرو کرلیا گیا ہے ۔ کیمیکل اینالیسس رپورٹ آنے کے بعد ہی یہ واضح ہوگا کہ کوکین ، ایم ڈی یا کوئی اور ڈرگ تو سونالی کے جسم میں نہیں تھی ۔ کیمیکل اینالیسس رپورٹ کچھ دنوں میں آئے گی ۔
حالانکہ موت کی وجہ ہارٹ اٹیک ہی ہے ، لیکن جس طرح سے سونالی کے جسم پر زخموں کے نشان ملے ہیں، اس سے مشتبہ معاملہ بن جاتا ہے اور اس لئے گوا پولیس نے دفعہ 302 بھی جوڑ کر اپنی ایف آئی آر میں جانچ کو آگے بڑھانا شروع کردیا ہے ۔ پوسٹ مارٹم کے دوران سونالی کے بھائی ، بہنوئی اور فیملی کے دیگر اراکین اسپتال میں ہی موجود تھے ۔
سونالی پھوگاٹ ریئلٹی شو بگ باس 14 کا حصہ تھیں۔ اس شو کے دوران انہوں نے اپنی ذاتی زندگی کے بارے میں کئی انکشافات کیے تھے۔ انہوں نے کہا تھا کہ ان کے شوہر کے انتقال کے بعد ان کی زندگی میں ایک شخص بڑی تبدیلی لے کر آیا تھا، کچھ وجوہات کی وجہ سے یہ رشتہ آگے نہیں بڑھ سکا۔ ویسے سونالی نے اس شخص کا نام ظاہر نہیں کیا تھا۔
سونالی پھوگاٹ کی پیدائش 21 ستمبر 1979 کو فتح آباد، ہریانہ میں ہوئی۔ انہوں نے 2006 میں ہسار دوردرشن میں بطور اینکر کام کرنا شروع کیا تھا۔ 2 سال بعد یعنی 2008 میں وہ بی جے پی میں شامل ہوئیں اور پارٹی کے لیے کام کرنا شروع کر دیا۔ سونالی پھوگاٹ 2016 میں اس وقت سرخیوں میں آئیں جب ان کے شوہر سنجے کی مشتبہ حالات میں موت ہو گئی تھی۔ سال 2020 میں سونالی پھوگاٹ کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی، جس میں وہ ہسار مارکیٹ کمیٹی کے سیکریٹری سلطان سنگھ کو چپلوں سے پیٹتی ہوئی نظر آ رہی تھیں۔