اسلامی کیلنڈر کا نواں مہینہ رمضان المبارک کا ہوتا ہے۔ رمضان المبارک کے دوران پوری دنیا میں مسلمانوں کی طرف سے روزے، نمازوں اور ذکر و اذکار کا اہتمام کیا جاتا ہے۔ رمضان کے مہینے میں روزہ رکھنا اسلام کے پانچ ارکان میں سے ایک ہے۔ لوگ اللہ کو راضی کرنے کے لیے دن بھر صوم (روزے) کا اہتمام کرتے ہیں، نمازیں پڑھتے ہیں اور قرآن پاک پڑھتے ہیں۔ رمضان میں سحری و افطار کا اہتمام خوب اچھے سے کیا جاتا ہے۔
روزہ ہماری بخشش و مغفرت کا بہترین ذریعہ ہونے کے ساتھ ہماری جسمانی صحت و تندرستی کا بھی ضامن ہے جیسا کہ فرمانِ مصطفےٰ صلَّیاللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم ہے: صُوْمُوْا تَصِحُّوْا(یعنی روزہ رکھو صحت یاب ہو جاؤ گے) (معجم اوسط،ج6، ص146،حدیث: 8312) اس مہینے کے معمولات دیگر مہینوں سے جدا ہوتے ہیں لہٰذا اس مہینے میں کھانے پینے میں بھی بہت احتیاط کی ضرورت ہوتی ہے کیوں کہ بسا اوقات یہ بے احتیاطی صحت کی خرابی تک لے جاتی ہے، سَحَری اور افطاری میں کیا کھائیں اور کن چیزوں سے احتیاط کریں یہاں ہم آپ کو ان چیزوں کے میں بتانے جا رہے ہیں جن پر عمل کرنے سے اِنْ شَآءَاللہ صحت بھی بہتر رہے گی اور روزہ رکھنے اور روزہ گزارنے میں بھی دشواری کم ہو گی لیکن یادرکھئے کہ اس میں ہماری نیّت صرف یہ ہونی چاہئے کہ اللہ کا حکم پورا کرنے اور روزے میں بھوک پیاس کی شدّت کی وجہ سے ہونے والی بے صبری و تشویش سے بچنے کی نیّت سے ان باتوں پر عمل کریں گے۔
سَحَری نبی کریم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی سنّت ہے، اس کا یہ فائدہ بھی ہے کہ اس سے روزے میں قوّت حاصل ہوتی ہے۔ (1)سحری میں دودھ اور اس سے بنی اشیاء کا استعمال کیجئے (2) چکّی کے آٹے کی روٹی، دَلیہ یا باسمتی چاول یا دال روٹی وغیرہ استعمال کیجئے کہ ان سے بھوک دیر میں لگتی ہے (3)دہی توانائی برقرار رکھتا ہے۔ کوشش کرکے دہی گھر میں ہی بنا ئیں کیونکہ گھر میں بنائے ہوئے دہی میں کیلشیم زیادہ ہوتی ہے (4) دہی میں زِیرہ، الائچی یا خوبانی شامل کر کے کھانا اور لسّی پینا بھی مفید ہے ۔