کئی مرتبہ خواتین پہلی بار ملتے ہی یا چند بار دیکھنے کے بعد مردوں کی طرف راغب ہونے لگتی ہیں۔ کیا اس کو لا آف اٹریکشن کہا جا سکتا ہے؟ آخر وہ کیا چیز ہے جو خاتون کو مرد کی طرف راغب کرتی ہے؟ اس کو سمجھنے کے لئے سائنسی تحقیق بھی کی گئی ہے۔ تحقیق میں کہا گیا ہے کہ کچھ ایسی چیزیں ہیں جو بتاتی ہیں کہ وہ کون سی وجوہات ہیں، جس کو مردوں میں پانے کے بعد خواتین ان کی طرف راغب ہوتی ہیں۔
روٹر یونیورسٹی کی ماہر بشریات اور بیسٹ سیلنگ رائٹر ہیلین ای فشر کا کہنا ہے کہ دنیا بھر کی خواتین اظہار خیال کی بنیاد پر دلچسپی ظاہر کرتی ہیں۔ زبردستی کرنے والے مرد ان کے لئے اتنے پرکشش نہیں ہوتے۔ اس کا مطلب ہے کہ خواتین چاہتی ہیں کہ مرد انہیں سمجھیں اور ان کی باتوں پر دھیان دیں۔ انہیں ہر قسم کی باتیں کہنے کا موقع دیں ۔
وہ دن گئے جب یہ مانا جاتا تھا کہ مہنگے کپڑے پہننے والے اور لگژری گاڑیاں چلانے والے مرد خواتین کی پسند بن جاتے ہیں۔ ایک تحقیق میں پایا گیا ہے کہ اگر آپ سائیکل پر چلتے ہیں تو بھی کوئی فرق نہیں پڑتا۔ آپ کی شخصیت آپ کے چہرے سے جھلکتی ہے۔ بس آپ کی شخصیت میں کوئی ایسی چیز ہونی چاہئے جو انہیں مسحور کر دے۔ یہ آپ کا معصوم چہرہ بھی ہو سکتا ہے۔ بے شک آپ معمولی لباس پہنتے ہوں لیکن یہ اہم ہے کہ اس کا سلیقہ کیا ہے ۔
2010 میں کی گئی ایک ریسرچ کے مطابق 3770 افراد کی اسٹڈی نے مشورہ دیا کہ خواتین اکثر بڑی عمر کے مردوں کو پسند کرتی ہیں۔ رائٹر اور یونیورسٹی آف ڈنڈی کی ماہر نفسیات فیونا مور کا کہنا ہے کہ جہاں خواتین مالی طور پر زیادہ خود مختار ہو چکی ہیں، ان خواتین کو طاقتور اور بڑی عمر کے مرد اپنی جانب راغب کرتے ہیں ۔
نیو ساؤتھ ویلز یونیورسٹی کے محققین کی 2013 کی تحقیق میں خواتین نے صاف چہرے، ہلکی داڑھی، بھاری داڑھی یا پوری داڑھی کی کشش کو ووٹ دیا۔ خواتین کا کہنا تھا کہ سب سے زیادہ پرکشش مرد وہ ہیں جو ہلکی داڑھی رکھتے ہیں۔ ہلکی داڑھی آج کل پوری دنیا کے نوجوانوں اور مردوں میں ایک ٹرینڈ ہے۔ وہ ہلکی اسٹائلش داڑھی رکھنے میں دلچسپی لیتے ہیں۔
خواتین ایسے مردوں کو پسند کرتی ہیں جو سخی اور نرم مزاج ہوں۔ عام طور پر ایسے مردوں کو خواتین ہمیشہ پسند کرتی ہیں، جو ان کے ساتھ مہذب اور خیال رکھنے والا رویہ اختیار کرتے ہیں اور اس کا مظاہرہ بھی کرتے ہیں۔ عموماً ایسے مردوں کی فطرت خواتین کے دل کو چھولیتی ہے۔ وہ ان کی طرف ایک خاص فیلنگ محسوس کرنے لگتی ہیں ۔ متعدد مطالعات سے یہ بھی پتہ چلتا ہے کہ خواتین ان مردوں کی طرف زیادہ راغب ہوتی ہیں جو انہیں ہنسا سکتے ہیں۔