سر سید احمد خان کے 123ویں یومِ وفات پر علیگ برادری نے مستقبل کیلئے سرسید تحریک کو وسعت دینے کی بات کہی
علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے بانی سرسید احمد خاں Sir Syed Ahmed Khan کے یومِ وفات پر علیگ برادری نے مستقبل کے لئے لائحہ عمل مرتب کرنے اور سرسید تحریک کو وسعت دینے کی بات کہی ہے۔ نیوز ایٹین اردو سے بات کرتے ہوئے ماہرسرسید ڈاکٹر راحت ابرار نے تسلیم کیا کہ علی گڑھ میں گذشتہ تیس سالوں میں وہ معیار ی تحقیقی کام نہیں ہوسکا جس کا یہ ادارہ متقاضی ہے۔ وہیں معروف عالم دین پروفیسر سعود عالم قاسمی نے کہا ہے کہ آج سرسید کی فکر کو اس طرح مزید بڑھایا جاسکتا ہے کہ ہر ضلع میں سرسید کے جانشین ایک ادارہ قائم کریں۔ یونیورسٹی کے ترجمان عمر سلیم پیرزادہ نے کہا کہ وائس چانسلر پروفیسر طارق منصور کی قیادت میں یہ ادارہ مسلسل ترقی کی راہوں پر گامزن ہے ۔