حجاب کے مسئلہ پر سالانہ امتحانات کے پیش نظر بنگلورو کے دارالعلوم سبیل الرشاد میں ہوئی اہم میٹنگ
حجاب کے مسئلہ پر کرناٹک کے امیر شریعت مولانا صغیر احمد رشادی اور ریاست کے اپوزیشن لیڈر سدارامیا کے درمیان کل رات اہم میٹنگ ہوئی ہے۔ بنگلورو کے دارالعلوم سبیل الرشاد میں ہوئی اس میٹنگ میں امتحانات کے دوران مسلم لڑکیوں کیلئے کسی بھی طرح کی رکاوٹ پیدا نہ ہو اس پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ امیر شریعت مولانا صغیر احمد رشادی نے کہا کہ حکومت مسلم طالبات کو کم از کم دوپٹہ اڑھنے کی اجازت ملنی چاہئے۔ امیر شریعت نے سدارامیا سے درخواست کی کہ وہ اس معاملے کو اسمبلی کے اجلاس میں اٹھائیں۔ ریاست میں اٹھائیس مارچ سے دسویں جماعت کے سالانہ امتحانات کا آغاز ہورہا ہے۔ کئی مسلم لڑکیاں حجاب پر پابندی کی وجہ سے کالجوں کو نہیں جارہی ہیں۔ ہائی کورٹ کا فیصلہ آنے کے بعد حجاب کا معاملہ سپریم کورٹ کے سامنے ہے۔ لہذا کم سے کم امتحانات کیلئے سر پر پلو یا دوپٹہ اڑھنے کی اجازت دی جائے۔ اس اہم ملاقات میں مسلم ارکان اسمبلی اور بنگلورو کے نمائندہ علماء کرام موجود تھے۔