ہندوستان ۔ پاکستان ورلڈ کپ میچ کی تاریخ آئی سامنے، اکتوبر میں ہوگا مقابلہ، جانئے کس شہر کو ملی میزبانی؟
آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ 2023 اس سال کے آخر میں اکتوبر ۔ نومبر میں کھیلا جانا ہے۔ اس بڑے ٹورنامنٹ میں ہندوستان اور پاکستان کے درمیان میچ احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں کھیلا جا سکتا ہے۔
نریندر مودی اسٹیڈیم دنیا کا سب سے بڑا کرکٹ اسٹیڈیم ہے، جس کی گنجائش ایک لاکھ سے زیادہ ہے۔
اب ایک تازہ رپورٹ میں دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ ہندوستان اپنا پہلا میچ آسٹریلیا کے خلاف چنئی میں کھیل سکتا ہے۔ اس کے علاوہ 15 اکتوبر بروز اتوار کو ہندوستان بمقابلہ پاکستان کا میچ کھیلا جائے گا۔
کرک بز کی ایک رپورٹ کے مطابق ٹورنامنٹ کا پہلا میچ گزشتہ ایڈیشن کی فائنلسٹ انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے درمیان 5 اکتوبر کو نریندر مودی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا اور فائنل بھی اسی مقام پر 19 نومبر کو ہوگا۔
وہیں ایک اور رپورٹ کے مطابق ہندوستان کے لیگ میچ سات مقامات پر ہوں گے۔ اگر میزبان ٹیم فائنل میں پہنچ جاتی ہے تو پھر ہندوستان اور پاکستان کے میچ کے علاوہ احمد آباد میں ایک اور میچ دیکھنے کو مل سکتا ہے۔
ہندوستان اپنی مہم کا آغاز پانچ مرتبہ کی فاتح آسٹریلیا کے خلاف کرے گا۔ انڈین ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق اس بات کا قوی امکان ہے کہ یہ میچ چنئی کے ایم اے چدمبرم اسٹیڈیم میں ہوگا۔
توقع ہے کہ سیمی فائنل ممبئی کے وانکھیڑے اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے، جو 2011 کے ون ڈے ورلڈ کپ کے فائنل کا گواہ بنا تھا۔
ورلڈ کپ کے 2019 ایڈیشن کی طرح میچز راؤنڈ رابن فارمیٹ میں کھیلے جائیں گے، جہاں ہر ٹیم کم از کم ایک مرتبہ دوسرے کے خلاف کھیلے گی۔
آخر میں ٹاپ چار ٹیمیں ہوں گی، جو سیمی فائنل کے لئے کوالیفائی کریں گی۔ ورلڈ کپ میں مجموعی طور پر 10 ٹیمیں اور 48 میچز ہوں گے۔